حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حضرت امام علی رضا علیہ السلام (مشہد مقدس - ایران) کے پرچمِ گنبد کی زیارت لکھنؤ میں واقع شبیہ حرم امام رضا علیہ السلام (کربلائے عظیم اللہ خان) میں 10 /اکتوبر سن 2021ء بروز جمعرات کرائی گئی۔ یہ وہ پرچم ہے جو امام رضا علیہ السلام کے اصلی حرم سے اتر کر شبیہ حرم امام رضا علیہ السلام لکھنؤ میں لہرایا گیا اورمومنین کرام کو زیارت کا شرف حاصل ہوا۔ اس پروگرام میں ماتمی انجمنیں، علمائے اعلام اور مؤمنین کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس پروگرام کا آغاز کچھ اس انداز سے ہوا: نماز مغربین حجۃ الاسلام و المسلمین عالیجناب مولانا سید رضی حیدرزیدی( ایران کلچرہاؤس )کی اقتدا میں ادا کی گئی۔نماز کے فوراً بعد جناب قاری محمد عباس نےتلاوت کلام پاک کا شرف حاصل کیا اس کے بعد شعراء نے منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ منظوم سلسلہ کے بعد تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا:
حجۃ الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا سید رضی حیدر زیدی صاحب قبلہ( دہلی) نے ایمان افروز تقریر کی جس میں امام علی رضا علیہ السلام کی اخلاقی اور علمی سیرت پرروشنے ڈالتے ہوئے کہا کہ اس وقت جتنے لوگ یہاں زیارت کے لئے تشریف لائے ہیں ان سب کی نیابت میں حرم امام رضا علیہ السلام (مشہدمقدس) کے خادمین زیارت پڑھ رہے ہیں۔ مولانا نے ان تبرکات کی جانب بھی اشارہ کیا جو مشہد سے لکھنؤ اس روضہ پر آئے ہیں جیسے امامؑ کی قبر کے پتھر کا ایک ٹکڑا، نمک اور پرچم وغیرہ۔
مولانا رضی زیدی صاحب کے بعد مولانا کی گزارش پر عالیجناب سید یاور علی شاہ صاحب نے روضہ پر ہونے والی کرامات اور وہاں کی خدمات کو بیان کیا۔ اس پروگرام کی آخری تقریر آفتاب شریعت حجۃ الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا سید کلب جواد نقوی صاحب نے کی جس میں اہلبیت و امام رضا علیہ السلام کی فضلیت اور ان سے راز و نیاز کا طریقہ بیان کیا۔ مولانا نے دعا کے ساتھ اپنے بیان کو تمام کیا اور مومنین کے ہمراہ شبیہ حرم حضرت معصومہ قم(سلام اللہ علیہا) کی طرف چلے جہاں پرچم کشائی ہوئی اور مومنین کو زیارت کرائی گئی۔ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض جناب مولانا سید شان حیدر زیدی صاحب نے انجام دئیے۔
پرچم کو دو دن کے لیے ضریح مبارک پر نصب کردیا گیا ہے تاکہ بعد میں آنے والے زائرین یا جن کو اطلاع نہ ہو سکی یا وقت نہیں مل سکا زیارت کرسکیں۔
یہ پروگرام حضرت امام علی رضا علیہ السلام فاؤنڈیشن کربلا عظیم اللہ خاں (شبیہ حرم امام علی رضا علیہ السلام)تالکٹورہ لکھنؤ کی زیر نگرانی انجام پایا۔
مزید تصاویر دیکھنے کے لیے نیچے کلک کریں :